وزیراعظم شہباز شریف کا آتا بیئت میموریل کمپلیکس کا دورہ، چنگیز ایتماتوف کی قبر پر حاضری
بشکیک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آتا بیئت میموریل کمپلیکس کا دورہ کیا، جہاں کرغزستان کے فرسٹ نائب وزیراعظم دانیار امان گیلدیئیئف اور وزیر ثقافت، اطلاعات و نوجوانوں میر بیک مامبیتالیئیف نے ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم کی آمد پر کرغز حکام نے ان سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معروف کرغز ادیب چنگیز ایتماتوف کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
وزیراعظم نے میموریل کمپلیکس میں موجود یادگار پر بھی پھولوں کی چادر چڑھائی اور وہاں مدفون افراد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے یادگار مقام پر موجود مختلف تاریخی نشانات اور وہاں مدفون اہم شخصیات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔
چنگیز ایتماتوف معروف کرغز اور سوویت ادیب تھے اور کرغزستان کی ادبی و ثقافتی تاریخ میں انہیں نمایاں مقام حاصل ہے۔ ان کی ادبی خدمات نے انہیں عالمی سطح پر بھی شناخت دلائی۔
آتا بیئت میموریل کمپلیکس کرغزستان کا ایک اہم قومی، تاریخی اور یادگاری مقام ہے۔ ’آتا بیئت‘ کے معنی ’ہمارے آباؤ اجداد کی قبر‘ کے ہیں۔ یہ مقام کرغزستان کی تاریخ اور قومی یادداشت میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
میموریل کمپلیکس میں کرغزستان کی متعدد معروف شخصیات کی قبریں موجود ہیں، جبکہ یہ ملک کی تاریخی اور قومی شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک اہم مقام تصور کیا جاتا ہے۔
