لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف چار روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہوگئیں، جہاں وہ شِن جِیانگ کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں سمیت مختلف اہم سرگرمیوں میں شرکت کریں گی۔
چین کے قونصل جنرل سن یان نے ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب کو رخصت کیا۔ مریم نواز کی چین آمد پر ارومچی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر چینی حکام کی جانب سے ان کا استقبال کیا جائے گا۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب اپنی مصروفیات کا آغاز شِن جِیانگ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کے کانفرنس سینٹر کے کُنلُن ہال سے کریں گی، جہاں شِن جِیانگ کے پارٹی سیکریٹری چِن شیاوجیانگ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا وفد ان سے ملاقات کرے گا۔
مریم نواز سے شِن جِیانگ اویغور خودمختار علاقائی کمیٹی کے ڈپٹی پارٹی سیکریٹری ہی ژونگ یو بھی ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ شِن جِیانگ پروڈکشن اینڈ کنسٹرکشن کور (XPCC) کے وفد کے ساتھ بھی اہم اجلاس متوقع ہے۔
مریم نواز اور ان کے وفد کے اعزاز میں شِن جِیانگ کے اعلیٰ حکام کی جانب سے عشائیے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب دورۂ چین کے دوران سرکاری مہمان کی حیثیت سے شِن جِیانگ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں قیام کریں گی، جبکہ ان کے دورے میں چینی حکام کے ساتھ باہمی تعاون اور مختلف شعبوں میں روابط کے حوالے سے ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔
