اسلام آباد: بریٹش کونسل نے اسکاٹش حکومت کے تعاون سے Scotland Pakistan Scholarship Scheme 2026-27 کے لیے پاکستانی نوجوان خواتین اور طالبات سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔ اسکالرشپ کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔
اس پروگرام کا مقصد مالی مشکلات کا شکار پاکستانی طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مدد فراہم کرنا ہے۔ یہ اسکیم 2013 میں شروع ہوئی تھی اور اب تک 25 ہزار سے زائد خواتین اور طالبات اس سے فائدہ اٹھا چکی ہیں۔
اسکالرشپ کے تحت پاکستان کی ایچ ای سی سے تسلیم شدہ جامعات میں بیچلرز، ماسٹرز اور ایم فل پروگرامز کی اہل طالبات درخواست دے سکتی ہیں۔ تعلیم، زراعت و غذائی تحفظ، پائیدار توانائی، ہیلتھ سائنسز، موسمیاتی تبدیلی اور STEM سمیت مختلف شعبے اس پروگرام میں شامل ہیں۔
منتخب طالبات کی ٹیوشن فیس اسکالرشپ کے تحت ادا کی جائے گی، جبکہ ضرورت کی صورت میں یونیورسٹی ہاسٹل کے اخراجات بھی فراہم کیے جائیں گے۔ آن کیمپس ہاسٹل میں رہنے والی طالبات کو سال میں دو مرتبہ گھر سے یونیورسٹی تک سفر کے اخراجات کی سہولت بھی دی جائے گی۔
ماسٹرز اور ایم فل کی طالبات کو تحقیقی کام کے لیے ضروری لیبارٹری، آلات اور دیگر سہولیات تک رسائی کی غرض سے ریسرچ فنڈز بھی فراہم کیے جائیں گے۔
درخواست دینے والی طالبہ کا پاکستانی شہری اور پاکستان میں مقیم ہونا ضروری ہے، جبکہ متعلقہ ڈگری پروگرام میں ایچ ای سی سے تسلیم شدہ یونیورسٹی سے داخلے کی تصدیق شدہ پیشکش بھی لازمی ہوگی۔
بریٹش کونسل نے اقلیتی برادریوں اور معذور افراد سے تعلق رکھنے والی اہل طالبات کو بھی اسکالرشپ کے لیے درخواست دینے کی خصوصی ترغیب دی ہے۔
درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ: 15 ستمبر 2026۔
