Writing
پاکستان اور مالدیپ کے درمیان 20 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط، دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع
اسلام آباد (ڈسٹرکٹ نیوز): مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر صدر مالدیپ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ وزیراعظم نے کابینہ ارکان اور اعلیٰ حکام جبکہ صدر مالدیپ نے اپنے وفد کا تعارف کرایا۔ صدر معیزو نے وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔
صدر مالدیپ کے تین روزہ سرکاری دورے کے دوران پاکستان اور مالدیپ نے مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے 20 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ڈاکٹر محمد معیزو تقریب میں شریک ہوئے، جہاں دونوں ممالک کے نمائندوں نے دستاویزات کا تبادلہ کیا۔
معاہدوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی، صحت، تعلیم، دفاع، بحری سلامتی، زراعت، ماہی گیری، تجارت، سیاحت، ڈیجیٹل مہارتوں، ماحولیاتی تحفظ، سماجی تحفظ اور منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام سمیت مختلف شعبوں میں تعاون شامل ہے۔ طبی ماہرین کی بھرتی، تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم، نوجوانوں، کھیلوں، ثقافت، فضائی رابطوں، پولیس کی تربیت اور سول سروس اداروں کے درمیان تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک نے زرعی اجناس، خوراک اور دیگر مصنوعات کی تجارت بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ دورہ پاکستان اور مالدیپ کے سفارتی تعلقات کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے اور 11 برسوں میں کسی مالدیپی صدر کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ ان معاہدوں سے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے اور تجارت، تعلیم، صحت، ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
