لاہور: پاکستان کرکٹ میں تیز رفتار فاسٹ بولرز کی روایت کو آگے بڑھانے کے لیے جھنگ سے تعلق رکھنے والے نوجوان کرکٹر قیوم خان نے اپنی غیر معمولی رفتار سے توجہ حاصل کرلی۔
قیوم خان نے تقریباً 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کر کے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انہیں خصوصی تربیت کے لیے لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی طلب کرلیا ہے۔
جھنگ سے تعلق رکھنے والے قیوم خان نے حال ہی میں اسپورٹس بورڈ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے گریڈ ٹو ٹورنامنٹ میں شاندار رفتار اور بولنگ صلاحیتوں سے متاثر کیا۔
نوجوان فاسٹ بولر نے وزیراعظم ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جس کا مقصد ملک بھر سے نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو تلاش کرکے انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
قیوم خان کی غیر معمولی رفتار نے انہیں پاکستان کرکٹ کے ممکنہ نئے ایکسپریس فاسٹ بولرز میں شامل کر دیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں خصوصی تربیت کا موقع ملنے کے بعد نوجوان بولر کے مستقبل پر کرکٹ حلقوں کی نظریں مرکوز ہوگئی ہیں۔
