پاکستان کی جغرافیائی اہمیت اور جوہری حیثیت امریکا کے لیے اہم، مارکو روبیو
ممبئی: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت اور جوہری صلاحیت کے پیش نظر واشنگٹن کے لیے اسلام آباد کے ساتھ رابطے اور تعلقات برقرار رکھنا ضروری ہے۔
بھارتی ٹی وی نیٹ ورک 18 کو انٹرویو دیتے ہوئے روبیو نے کہا کہ امریکی خارجہ پالیسی کے تحت ایسے ممالک کے ساتھ بھی تعلقات قائم رکھنا پڑتے ہیں جن کے ساتھ بعض معاملات پر اختلافات موجود ہوں۔
ان کے مطابق پاکستان ایک جوہری طاقت ہے اور خطے میں اس کی جغرافیائی حیثیت امریکا کے لیے اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اس معاملے کا موازنہ بھارت کے ایران کے ساتھ تعلقات سے کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح نئی دہلی کے لیے تہران کے ساتھ روابط برقرار رکھنا اہم ہو سکتا ہے، اسی طرح واشنگٹن کے لیے اسلام آباد سے رابطہ رکھنا بھی ضروری ہے۔
روبیو نے تسلیم کیا کہ مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات میں توازن قائم رکھنا ایک پیچیدہ سفارتی عمل ہے۔ ان کے بقول پاکستان کے ساتھ روابط برقرار رکھنے سے امریکا کو ایسے اقدامات کی حوصلہ شکنی کی کوششوں میں مدد مل سکتی ہے جن پر بھارت کو تحفظات ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ امریکا دنیا کے کسی بھی حصے میں دہشت گردی اور اس کی سرپرستی کی مخالفت کرتا ہے۔
ان بیانات کے تناظر میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات، علاقائی سلامتی اور بھارت و ایران کے درمیان سفارتی روابط کا موضوع ایک بار پھر زیرِ بحث آیا ہے۔
