راولپنڈی: خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے جنوبی وزیرستان، بنوں اور بلوچستان کے ضلع خضدار میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔ کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
بنوں میں 2 دہشتگرد ہلاک
ذرائع کے مطابق بنوں میں فتنۃ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں 2 دہشتگرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کے ساتھ دہشتگردوں کے ٹھکانے کو بارودی مواد کے ذریعے تباہ کردیا گیا۔
جنوبی وزیرستان میں 5 خوارج ہلاک
جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ ذرائع کے مطابق فورسز نے فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگایا اور انہیں گھیرے میں لے کر مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
خضدار میں 4 دہشتگرد مارے گئے
بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے ساسول میں بھی فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائی کی گئی، جس میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خضدار آپریشن کے دوران دہشتگردوں کو کوارڈ کاپٹر کی مدد سے نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام کارروائیوں کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ترجیح دی گئی اور مقامی آبادی کو کسی قسم کے نقصان سے محفوظ رکھا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشتگرد عناصر کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے۔
