پشاور (کرائم رپورٹر ڈسٹرکٹ نیوز شکیل خان) سٹی ڈویژن کے تھانہ بھانہ ماڑی پولیس نے لیڈیز پولیس کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خٹک کالونی میں ڈاکٹر کے گھر سے قیمتی طلائی زیورات چوری کرنے میں ملوث خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ ملزمان کے قبضے سے 30 تولے قیمتی طلائی زیورات برآمد کرلیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق افسران بالا کی خصوصی ہدایات پر ایس پی سٹی ڈویژن شاہد عدنان کی سربراہی اور ڈی ایس پی یکہ توت سرکل آصف شریف کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ بھانہ ماڑی اجمل حیات اور تفتیشی افسران نے لیڈیز پولیس کے ہمراہ کارروائی کی۔
پولیس کے مطابق چار روز قبل خٹک کالونی میں اہل خانہ کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈاکٹر کے گھر سے قیمتی طلائی زیورات چوری کیے گئے تھے۔ واقعے کا مقدمہ مدعی اسلم خان مہمند ولد آدم خان کی مدعیت میں تھانہ بھانہ ماڑی میں درج کرکے تفتیش شروع کی گئی۔
افسران بالا نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور مالِ مسروقہ کی برآمدگی کے لیے ایس پی سٹی ڈویژن شاہد عدنان کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔
پولیس ٹیم نے ڈی ایس پی آصف شریف کی نگرانی میں جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگایا۔ دوران تفتیش گھر میں کام کرنے والی ملازمہ کو بھی شامل تفتیش کیا گیا، جس کے بیانات میں تضاد سامنے آنے پر پولیس نے مزید پوچھ گچھ کی۔
پولیس کے مطابق ملازمہ مسماۃ (ز) زوجہ ظہور نے دوران تفتیش چوری کی واردات میں ملوث ہونے سمیت اپنے ساتھی ملزم حسیب ولد افتخار کی بھی نشاندہی کی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ 30 تولے قیمتی طلائی زیورات برآمد کرلیے گئے۔ خاتون ملزمہ کو مزید تفتیش کے لیے وومن پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
