اسلام آباد: پمز اسپتال میں نومولود بچوں کی ہلاکت کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے متعلقہ افسران پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے وفاقی سیکریٹری صحت اسلم غوری کو فوری طور پر معطل کرکے عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔
اجلاس میں واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے، جس کی سربراہی سابق سیکریٹری داخلہ شاہد خان کریں گے۔ کمیٹی واقعے کی وجوہات، انتظامی غفلت اور ذمہ داروں کا تعین کرے گی۔
وزیراعظم کی ہدایت پر وزارتِ صحت کے تمام متعلقہ حکام کو فوری طور پر وزیراعظم ہاؤس طلب کیا گیا تھا، جبکہ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر بیرسٹر نویل اعوان بھی انکوائری کمیٹی کے رکن ہوں گے۔
واضح رہے کہ پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 15 نومولود بچے جاں بحق ہوئے تھے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق واقعے کے وقت نرسری میں 16 بچے موجود تھے اور صرف ایک بچے کو بچایا جا سکا۔
آگ لگنے کی وجوہات کے حوالے سے مختلف اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ابتدائی طور پر اے سی کمپریسر میں دھماکے کو وجہ بتایا گیا، جبکہ بعد میں شارٹ سرکٹ کا امکان بھی ظاہر کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حتمی وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔
