ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی زیرِ نگرانی ملاوٹ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن،
2 کروڑ روپے مالیت کی غیر معیاری اشیاء تلف، 11 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانے
راولپنڈی ( ڈسٹرکٹ نیوز ) ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر صوبہ بھر میں غیر معیاری اور مضرِ صحت خوراک تیار کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر گرینڈ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 14 مقامات پر سخت کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری جرمانے عائد کیے گئے جبکہ متعدد پروڈکشن یونٹس بند کر دیے گئے۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ملاوٹ مافیا اور ناقص صفائی کے ذمہ دار عناصر کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران مختلف اضلاع میں کارروائیاں کی گئیں۔ آپریشن کے دوران قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں، ناقص حفظانِ صحت کے انتظامات اور غیر معیاری خوراک کی تیاری پر مجموعی طور پر 11 لاکھ 50 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔کارروائیوں کے دوران تقریباً 2 کروڑ روپے مالیت کی ممنوعہ، مضرِ صحت اور غیر معیاری اشیائے خورونوش موقع پر تلف کر دی گئیں۔ تلف کیے گئے سامان میں 10 ہزار 950 لیٹر جعلی کولڈ ڈرنکس، 1 ہزار 300 لیٹر ملاوٹی دودھ، 30 ہزار ساشے گٹکا، 250 کلو گرام گلا سڑا گوشت اور 425 کلو گرام ممنوعہ چائنیز نمک شامل تھا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے قوانین کی خلاف ورزی اور مضرِ صحت خوراک کی تیاری میں ملوث 7 پروڈکشن یونٹس کو بھی سیل کر دیا۔ مزید برآں انسانی صحت سے کھلواڑ کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 4 مقدمات (ایف آئی آرز) بھی درج کروا دی گئیں۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے اور ملاوٹ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ انسانی صحت کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ خوراک سے متعلق کسی بھی شکایت، معلومات یا غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر فوری طور پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
٭٭٭٭٭
