کسٹمز حیدرآباد کی بڑی کارروائیاں، 77 ملین روپے سے زائد مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط
اسلام آباد ( ڈسٹرکٹ نیوز ) پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ حیدرآباد نے 15 سے 21 جون 2026 کے دوران اسمگلنگ کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 77 ملین روپے سے زائد مالیت کی نان کسٹم پیڈ گاڑیاں، اسمگل شدہ سامان اور پیٹرولیم مصنوعات ضبط کر لیں۔
کسٹمز حکام کے مطابق ہفتہ بھر میں 21 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں تحویل میں لی گئیں جن کی مالیت تقریباً 61 ملین روپے ہے۔ علاوہ ازیں الیکٹرانک سامان، بھارتی ساختہ ممنوعہ گٹکا، صنعتی مصنوعات اور ٹیکسٹائل سمیت مختلف اسمگل شدہ اشیاء کی 6 کھیپیں بھی پکڑی گئیں جن کی مالیت 10.09 ملین روپے سے زائد ہے۔
اسی دوران 15 ہزار لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل اور اسمگل شدہ پیٹرول پر مشتمل 2 کھیپیں بھی ضبط کی گئیں جن کی مجموعی مالیت تقریباً 5.87 ملین روپے ہے۔
پاکستان کسٹمز کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کی نشاندہی کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔