لاہور: الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے مجوزہ شیڈول پنجاب حکومت کو ارسال کردیا ہے، جس کے مطابق پولنگ 14 دسمبر کو کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔
ڈرافٹ شیڈول کے مطابق امیدوار 27 سے 30 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے، جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال 2 سے 5 نومبر تک ہوگی۔
کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں 7 سے 11 نومبر تک دائر کی جاسکیں گی، جبکہ ٹربیونلز 12 سے 16 نومبر کے دوران اپیلوں پر فیصلے کریں گے۔ امیدوار 18 نومبر تک اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے۔
مجوزہ پروگرام کے تحت امیدواروں کی حتمی فہرست 19 نومبر کو جاری کی جائے گی اور 20 نومبر کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔ پولنگ 14 دسمبر کو ہوگی جبکہ ریٹرننگ افسران کی جانب سے نتائج 17 دسمبر تک مرتب کیے جانے کی تجویز ہے۔
الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل ڈی جی ندیم قاسم نے چیف سیکریٹری پنجاب کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے مجوزہ شیڈول پر جلد رائے دینے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ مشاورتی اجلاس میں پنجاب حکومت نے 15 دسمبر سے 15 جنوری کے دوران بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز پیش کی تھی، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے اس تجویز کی روشنی میں ڈرافٹ انتخابی پروگرام تیار کیا۔
