پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 7 فیصد اضافہ
کراچی: ملک میں ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث گڈز ٹرانسپورٹرز نے مال برداری کے کرایوں میں اضافہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 7 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سات روز کے دوران ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 26 روپے 88 پیسے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں اس تیزی سے ہونے والے اضافے نے ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار تبدیلی کے فیصلے پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایندھن کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کا فیصلہ واپس لیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ٹرانسپورٹرز کے لیے کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے اور حکومتی پالیسیوں کے باعث شعبے سے وابستہ افراد کے روزگار پر بھی اثر پڑ رہا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے لیے خصوصی ریلیف پیکیج دیا جائے، جبکہ سبسڈی کے ساتھ ساتھ ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس اور دیگر ٹیکسوں میں بھی مناسب ریلیف فراہم کیا جائے۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے مزید کہا کہ 8 سے 17 اگست تک ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ جو معاہدے طے پائے تھے، ان پر بھی عملی طور پر پیش رفت کی جائے۔
ان کے مطابق حکومت کو معاہدوں پر عملدرآمد کے لیے 40 دن کی مہلت دی گئی تھی، جو آئندہ ہفتے مکمل ہونے والی ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے خبردار کیا کہ اگر مقررہ مدت کے اندر معاہدوں پر عملدرآمد اور ٹرانسپورٹرز کو مطلوبہ ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز دوبارہ ملک گیر ہڑتال کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ایندھن کی قیمتوں میں ٹرانسپورٹ کا کاروبار چلانا مشکل ہے، اس لیے حکومت کو فوری طور پر ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔
