میلبورن میں ٹریفک حادثہ، بیٹے سے ملنے آسٹریلیا آنے والی خاتون بہو سمیت جاں بحق
آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں پیش آنے والے ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں بھارت سے اپنے بیٹے اور خاندان سے ملنے آنے والی 67 سالہ خاتون اور ان کی 33 سالہ بہو زندگی کی بازی ہار گئیں۔
حادثے کا شکار ہونے والی خواتین کا تعلق بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے شہر وشاکھاپٹنم سے بتایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں خواتین جس گاڑی میں سفر کر رہی تھیں، وہ دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہوئیں اور جانبر نہ ہو سکیں۔
جاں بحق خواتین کی شناخت 67 سالہ راما دیوی اور ان کی 33 سالہ بہو نیہا بوملی کے نام سے ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق راما دیوی اپنے شوہر جی ٹی پرساد کے ہمراہ آسٹریلیا گئی تھیں۔ جی ٹی پرساد وشاکھاپٹنم ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق جوائنٹ سیکریٹری رہ چکے ہیں۔
خاندان کے مطابق راما دیوی آسٹریلیا اپنے بیٹے سے ملاقات، پوتے پوتیوں کے ساتھ وقت گزارنے اور ایک خاندانی تقریب میں شرکت کے لیے گئی تھیں، تاہم وطن سے دور پیش آنے والے حادثے نے اس خوشی کے سفر کو افسوسناک سانحے میں بدل دیا۔
حادثے کے حوالے سے مقامی حکام کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ واقعے کی مکمل وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
