اسلام آباد: نوتعینات ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔
چارج سنبھالنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی علی وسیم نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی بنیادی ذمہ داری قانون کی بالادستی قائم رکھنا، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور عوام کو بروقت و مؤثر پولیس خدمات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض ذمہ داری، دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کی عملداری پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی اسلام آباد نے پولیس افسران پر زور دیا کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، شائستگی اور پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا جائے جبکہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جرائم کے خاتمے، امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں گے۔ فیلڈ میں پولیس کی مؤثر موجودگی بڑھانے، گشت کے نظام کو بہتر بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
علی وسیم نے افسران کو اپنے متعلقہ علاقوں میں امن و امان کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے اور جرائم کی روک تھام کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ افسران اور جوانوں کی فلاح و بہبود اور بہتر ورکنگ ماحول کی فراہمی بھی ترجیحات میں شامل ہے۔
ڈی آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ باہمی رابطے، ٹیم ورک اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر اسلام آباد کو مزید محفوظ، پُرامن اور شہری دوست شہر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔
