ڈیرہ اسماعیل خان (ڈسٹرکٹ نیوز) ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے تجاوزات اور غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی ایک کنال 5 مرلے اراضی اور چشمہ روڈ پر 8 کنال 10 مرلے رائٹ آف وے سمیت مجموعی طور پر 9 کنال 15 مرلے اراضی واگزار کرا لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ حکمت اللہ وزیر کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈاکٹر محمد حامد صدیق کی سربراہی میں چھٹی کے روز بھی سرکاری اراضی واگزار کرانے اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے کارروائی کی گئی۔
کوٹلی امام حسین کے بالمقابل صوبائی حکومت کی اراضی پر کارروائی کرتے ہوئے سابقہ اے ای ایس بلڈنگ کی ایک کنال 5 مرلے سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی، جس کی تخمینہ شدہ مارکیٹ ویلیو تقریباً 5 کروڑ 75 لاکھ روپے ہے۔ واگزار کرائی گئی اراضی پر موجود عمارت کو موقع پر ہی سیل کردیا گیا۔
دوسری کارروائی چشمہ روڈ، نزد سی آر بی سی چوک، سڑک کے دونوں اطراف رائٹ آف وے میں قائم تجاوزات کے خلاف کی گئی۔ آپریشن کے دوران غیر قانونی تجاوزات ہٹا کر سڑک کی حدود کلیئر کرادی گئیں، جبکہ 8 کنال 10 مرلے اراضی واگزار کرائی گئی، جس کی تخمینہ شدہ مارکیٹ ویلیو 35 کروڑ 70 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق دونوں کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 9 کنال 15 مرلے اراضی واگزار کرائی گئی، جس کی مجموعی تخمینہ شدہ مارکیٹ ویلیو 41 کروڑ 45 لاکھ روپے بنتی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر محمد حامد صدیق نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ سرکاری املاک اور سڑکوں کے رائٹ آف وے کو غیر قانونی تجاوزات سے پاک رکھنے کے لیے مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق سرکاری اراضی کا تحفظ، غیر قانونی قبضوں کا خاتمہ، عوامی راستوں کی بحالی اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانا ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انتظامیہ نے شہریوں اور دکانداروں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ قانون کی پابندی کریں اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
