وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اپنی حالیہ پریس کانفرنس میں خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے سے واضح مؤقف پیش کیا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاستی اداروں اور صوبائی حکومتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور دہشت گردی کے معاملے کو سیاسی معاملات کے پیچھے چھپنے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
وفاقی وزیر نے سوال اٹھایا کہ اگر ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے تو خیبرپختونخوا حکومت اس میں آگے بڑھ کر کردار کیوں ادا نہیں کر رہی۔ انہوں نے پولیس کی استعداد بڑھانے اور دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
خواجہ آصف کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو میں خیبرپختونخوا حکومت سے متعلق متعدد نکات واضح طور پر سامنے آئے اور پیغام دیا گیا کہ موجودہ طرزعمل مزید قابل قبول نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کا استحکام بنیادی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ ریاست قائم ہوگی تو سیاست، جمہوریت اور شہری حقوق بھی برقرار رہیں گے
