کراچی: اسکول کی بندش کے چوتھے روز بڑی تعداد میں طلباء، والدین اور اساتذہ دہلی گورنمنٹ بوائز اسکول کے باہر جمع ہوگئے، جہاں طلباء نے سڑک بند کرکے احتجاج کیا اور اسکول کے باہر اسمبلی بھی منعقد کی۔
دہلی گورنمنٹ گرلز اسکول ایک روز کی بندش کے بعد منگل سے کھولا جاچکا ہے، تاہم دہلی گورنمنٹ بوائز اسکول مسلسل چار روز سے بند تھا، جس کے باعث تقریباً 800 طلباء کا تعلیمی سلسلہ متاثر ہوا۔
اساتذہ کے مطابق اسکول کا وقت صبح ساڑھے 7 بجے مقرر ہے، تاہم پرنسپل علی خان میر جت صبح 9 بجے تک اسکول نہیں پہنچے۔ اساتذہ کا کہنا تھا کہ وہ طلباء کے ہمراہ صبح ساڑھے 7 بجے سے اسکول کے باہر موجود ہیں اور آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے پرنسپل کے منتظر ہیں۔
اس دوران ایک خاتون استاد نے اسکول کے باہر طلباء کی حاضری لی، جبکہ طلباء سڑک پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے لگے۔ ایک والدہ نے ’’ہمارا اسکول واپس کرو‘‘ کے نعرے بھی لگائے، جس کا طلباء نے جواب دیا۔
بعد ازاں مشتعل طلباء نے اسکول کا تالا توڑ کر حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ اسکول کے اندر داخل ہونے کے بعد طلباء نے ہنگامہ آرائی کی، راہداری میں رکھی الماریاں توڑ دیں جبکہ بعض کلاس رومز کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
بعد میں پرنسپل اسکول پہنچ گئے اور اساتذہ کے ہمراہ اسکول کے اندر داخل ہوئے۔ تین روز کے تعطل کے بعد چوتھے روز دہلی گورنمنٹ بوائز اسکول میں تدریسی عمل دوبارہ شروع کردیا گیا۔
