کراچی کے علاقے صفورا چورنگی میں نجی اسپتال کے قریب بینک کے باہر تین مسلح ملزمان شہری سے 60 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق شہری لیاقت رقم بینک میں جمع کرانے پہنچا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اسلحے کے زور پر رقم سے بھرا بیگ چھین لیا۔
واردات کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ بھی کی، جس کے نتیجے میں بینک میں موجود 18 سالہ نوجوان عامر شیشہ لگنے سے زخمی ہوگیا۔ واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جبکہ ابتدائی سی سی ٹی وی فوٹیج میں انہیں رقم سے بھرا بیگ لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر بھی واقعے کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ گئے، جبکہ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
