کولمبو: بھارتی بیٹر یشسوی جیسوال اور سری لنکن فاسٹ بولر اسیتھا فرنینڈو کو دوسرے ٹیسٹ کے دوران ہونے والے تلخ واقعے پر آئی سی سی نے سزا سنا دی۔
دونوں کھلاڑیوں کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی شق 2.12 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا، جو میچ کے دوران کسی کھلاڑی یا دیگر فرد سے نامناسب جسمانی رابطے سے متعلق ہے۔
آئی سی سی کے مطابق دونوں کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے، جبکہ دونوں کو ایک، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا۔
یہ واقعہ بھارت کی اننگز کے 17ویں اوور میں پیش آیا، جب اسیتھا فرنینڈو نے یشسوی جیسوال کو آؤٹ کیا۔ آؤٹ ہونے کے بعد جیسوال فرنینڈو کی جانب بڑھے اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد دونوں کے سروں میں ٹکراؤ بھی ہوا۔
دونوں کھلاڑیوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے آئی سی سی کی جانب سے تجویز کردہ سزا قبول کرلی، جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
