کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے پانچ مبینہ مقابلوں اور کارروائیوں کے دوران ایک موٹر سائیکل لفٹر کو ہلاک جبکہ سات زخمیوں سمیت 11 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران گرفتار ملزمان اور ہلاک ہونے والے شخص کے قبضے سے پستول، گولیاں، موبائل فونز، نقدی اور مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن پولیس نے کلفٹن بلاک 2 کے اتوار بازار کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت 40 سالہ منظور احمد ولد محمد رمضان کے نام سے ہوئی۔ ملزم سے 9 ایم ایم پستول، گولیاں، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کی گئی۔ زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ادھر شارع نورجہاں پولیس نے نارتھ ناظم آباد بلاک ٹی کے ٹینکی گراؤنڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے دو زخمیوں سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل عمران خان کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں فیض عالم، ذوالفقار بہاول، عبدالوحید اور کاظم شامل ہیں۔ پولیس نے ان کے قبضے سے دو پستول، موبائل فونز، نقد رقم اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر بین الصوبائی موٹر سائیکل چوری کرنے والے گروہ سے تعلق رکھتے ہیں اور شہر میں متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
گزری پولیس نے ڈیفنس فیز 7 میں عائشہ مسجد کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت محمد احمد عرف راجہ اور کاشف علی عرف بانا کے نام سے ہوئی۔
ملزمان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول، گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ دونوں زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب جوہرآباد پولیس نے فیڈرل بی ایریا بلاک 15 میں ریاض آٹوز کے قریب کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان محمد نعمان اور علی کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ان کے قبضے سے دو پستول، گولیاں، موبائل فونز، نقدی اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔
اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے بغدادی کے علاقے موسیٰ لین میں میرا پیر مزار کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک ملزم کو ہلاک کردیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 25 سالہ سید اعزاز حسین شاہ ولد سید طاہر حسین شاہ کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے اس کے قبضے سے پستول، گولیاں، موبائل فون، نقد رقم اور بغدادی تھانے کی حدود سے چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں موٹر سائیکل چوری اور دیگر جرائم کے متعدد مقدمات درج تھے۔ لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
مزید برآں نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے سیکٹر 5/B میں صدیق آباد قبرستان کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت فرید احمد اور فراز کے نام سے ہوئی۔ ان کے قبضے سے ایک پستول، گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔ دونوں زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
