کیرن: پاک فوج اور کشمیر ورلڈ فورم کے اشتراک سے یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر لائن آف کنٹرول کے قریب کیرن میں واقع یادگارِ شہداء پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ملکی سلامتی و دفاع کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیر حکومت برائے توانائی و آبی وسائل راجہ ثاقب مجید تھے، جبکہ کشمیر ورلڈ فورم کے چیئرمین ڈاکٹر حاجی رفیق پردیسی، جی او سی چنار ڈویژن ضرار، کمانڈر 32 بریگیڈ ناصر شفیق، کمشنر مظفرآباد ڈویژن بدر منیر، ڈپٹی کمشنر نیلم چوہدری اقبال حسن، پاک فوج کے افسران و جوانوں، سول انتظامیہ، سول سوسائٹی، کاروانِ کشمیر کے اراکین، سیاحوں، کھلاڑیوں، شہداء کے ورثاء اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے آغاز پر مہمانِ خصوصی راجہ ثاقب مجید، ڈاکٹر حاجی رفیق پردیسی، جی او سی چنار ڈویژن ضرار اور کمانڈر 32 بریگیڈ ناصر شفیق نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے یادگارِ شہداء پر سلامی پیش کی، جبکہ ملٹری بینڈ کی مسحور کن دھنوں اور قومی و ریاستی ترانوں کی گونج میں شہداء کو سلام پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
تقریب کے دوران یادگارِ شہداء کیرن کے تاریخی پس منظر اور 1965ء کے معرکے میں پاک فوج کے جوانوں اور شہریوں کی جانب سے پیش کی جانے والی بے مثال بہادری اور قربانیوں کو اجاگر کیا گیا۔
کشمیر ورلڈ فورم کی جانب سے تیار کردہ خصوصی ڈاکومنٹری بھی شرکاء کو دکھائی گئی، جس میں یادگارِ شہداء کی افتتاحی تقریب، 1965ء کے معرکے کی تاریخی جھلکیوں، پاکستان کی جانب سے کشمیر کاز کی حمایت اور کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے مختلف پہلوؤں کو نمایاں کیا گیا۔
اس موقع پر بھارت کے ساتھ مختلف جنگوں اور پاک فوج کی شجاعت و بہادری پر مبنی خصوصی فلم بھی پیش کی گئی، جسے شرکاء نے گہری دلچسپی سے دیکھا۔
مقررین نے اپنے خطابات میں 6 ستمبر کو پاکستان کی دفاعی تاریخ کا ایک اہم اور ناقابلِ فراموش دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یومِ دفاع ان عظیم شہداء کی یاد تازہ کرتا ہے جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع، قومی سلامتی اور ملکی خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ شہدائے وطن کی لازوال قربانیاں پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ قوم اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے جذبہ حب الوطنی، شجاعت اور ایثار کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
شہداء کے ورثاء نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کے دفاع اور ملکی سلامتی کے لیے پاک فوج کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
تقریب کے دوران شہداء کے ورثاء کی خصوصی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ دفاعِ پاکستان کے حوالے سے منعقدہ مختلف کھیلوں اور مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں اور دیگر شرکاء میں نقد انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
منتظمین کے مطابق ان سرگرمیوں کا مقصد نوجوان نسل میں حب الوطنی، قومی یکجہتی، کھیلوں کے فروغ اور دفاعِ وطن کے جذبے کو مزید اجاگر کرنا ہے۔
تقریب میں شریک کاروانِ کشمیر، سیاحوں، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور دیگر افراد نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور شہداء کو سلام پیش کیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے قومی یکجہتی، اتحاد، حب الوطنی اور جذبہ ایثار و قربانی کو ہمیشہ زندہ رکھا جائے گا۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول کے قریب اس نوعیت کی تقریبات شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ نئی نسل کو وطن سے محبت، قومی ذمہ داری اور دفاعِ وطن کی اہمیت سے آگاہ کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر آسمان پر مختلف رنگوں اور اقسام کی شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ رنگا رنگ روشنیوں اور زوردار آوازوں سے کیرن کا خوبصورت پہاڑی منظر منور ہوگیا، جس سے تقریب میں شریک افراد خوب محظوظ ہوئے اور آتش بازی کے مظاہرے کو بھرپور سراہا۔
آخر میں ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی، ترقی اور استحکام، پاک فوج کی کامیابیوں اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
