گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل سے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما جہانگیر شاہ اور شوکت بلوچ کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والے اصغر بگٹی، خالد آبڑو، محمد ابراہیم جتوئی، نور احمد سمالانی، علی سمالانی اور حامد کاکڑ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی صورتحال، صوبے میں عوامی مسائل، ترقیاتی امور اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کو صوبے میں مزید فعال اور منظم بنانے سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی مضبوطی، جمہوری عمل کے تسلسل اور عوامی مسائل کے حل کیلئے سیاسی کارکنوں کا مثبت اور فعال کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ صوبے میں ترقیاتی عمل کو مؤثر بنانے، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور نوجوانوں کیلئے تعلیم و روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
