یمن: یمن کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثی باغیوں کے خلاف جاری آپریشن ڈان آف یمن کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1,326 حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں تقریباً 370 جنگجو ہلاک یا غیر مؤثر ہوئے، جبکہ متعدد فوجی گاڑیوں اور عسکری تنصیبات کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق یمنی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ کارروائیوں میں حوثی باغیوں کے اجتماعات، فوجی گاڑیوں، مضبوط مورچوں اور فائرنگ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ آپریشن میں جنگی طیاروں اور ڈرونز نے بھی حصہ لیا۔
فوجی بیان کے مطابق مارب کے مغربی حصے میں مشرقی محاذ پر سرکاری فورسز نے پیش قدمی کی، جبکہ جنوبی اور مغربی محاذوں پر دباؤ بڑھا کر حوثیوں کی نقل و حرکت اور کمک پہنچانے کی صلاحیت محدود کرنے کی کوشش کی گئی۔
یمنی حکام کا مزید کہنا ہے کہ تعز کے علاقے میں سرکاری فوج اور عوامی مزاحمتی گروپ نے متعدد پوزیشنز پر قبضہ کیا اور بھاری ہتھیاروں سمیت فوجی سازوسامان تحویل میں لے لیا۔
ترجمان کے مطابق ہلاکتوں اور حملوں سے متعلق اعداد و شمار ابتدائی جائزے پر مبنی ہیں۔ فوج نے دعویٰ کیا کہ کارروائیوں میں فوجی اہداف کو نشانہ بنانے اور شہری آبادی کے تحفظ کے لیے احتیاطی اقدامات کیے گئے۔
تاہم حملوں کی تعداد اور ہلاکتوں سے متعلق ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔
