۔۔۔
یومِ دفاع و شہداء آج قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا، اسلام آباد میں 31 اور صوبوں میں 21 توپوں کی سلامی سے دن کا اغاز ہوگا،
اسلام آباد (اے پی پی):یومِ دفاع و شہدا ء آج اتوار کو ملک بھر میں ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس موقع پر مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت جبکہ بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔یومِ دفاع و شہدا ءکے موقع پر قوم پاکستان کی خودمختاری،علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر قسم کے خطرات کے خلاف اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرے گی۔6 ستمبر 1965 کو بھارتی افواج نے رات کی تاریکی میں بین الاقوامی سرحد عبور کرکے پاکستان پر حملہ کیا تھا۔پاک فوج نے قوم کی بھرپور حمایت کے ساتھ دشمن کے ناپاک عزائم کو جرأت و بہادری سے ناکام بناتے ہوئے مادرِ وطن کا دفاع کیا۔یومِ دفاع و شہدا ءکا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔نمازِ فجر کے بعد مساجد میں ملکی ترقی،خوشحالی، سلامتی اوراستحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے بھی دعائیں مانگی جائیں گی۔سرکاری ٹیلی ویژن اور ریڈیو چینلز یومِ دفاع و شہدا ءکے حوالے سے خصوصی پروگرام نشر کریں گے جن میں مادرِ وطن کے دفاع کے لیے بے مثال خدمات انجام دینے والے شہدا اور غازیوں کی قربانیوں، جرأت اور بہادری کو اجاگر کیا جائے گا۔
