اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ فضائیہ کے موقع پر اپنے پیغام میں پاک فضائیہ کے شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور شاندار کارکردگی کو سراہا ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاک فضائیہ نے مختلف فضائی معرکوں میں اپنی پیشہ ورانہ برتری اور غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ان کے مطابق معرکۂ حق میں پاک فضائیہ کا کردار فیصلہ کن رہا، جبکہ اس کامیابی کے پیچھے جرأت مند قیادت، بہترین منصوبہ بندی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت نمایاں عوامل تھے۔
صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے محدود وسائل اور تعداد میں کم ہونے کے باوجود دشمن کا مقابلہ کرنے کی اپنی شاندار روایت کو برقرار رکھا اور شاہینوں نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ دشمن چاہے کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، پاکستان کے پختہ عزم اور حوصلے کو کمزور نہیں کرسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ ملک کی خودمختاری اور فضائی حدود کے تحفظ کے لیے ہر وقت پوری طرح تیار اور مستعد ہے
