گوادر (ڈسٹرکٹ نیوز): گرلز اسکول وارڈ گزشتہ پندرہ روز سے بجلی کے شدید بحران کا شکار ہے، جہاں خراب ٹرانسفارمر کے باعث سینکڑوں مکین شدید گرمی اور حبس میں مشکلات برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔ علاقہ مکینوں نے ڈسٹرکٹ نیوز کو بتایا کہ ٹرانسفارمر دو مرتبہ مرمت کیے جانے کے باوجود دوبارہ خراب ہو گیا، جس سے واضح ہے کہ عارضی اقدامات کے بجائے مستقل حل کی ضرورت ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی مسلسل بندش نے روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ گھروں میں پانی کی فراہمی، بچوں کی تعلیم، بزرگوں اور مریضوں کی دیکھ بھال سمیت معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ شدید گرمی نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
اہلِ علاقہ نے ڈسٹرکٹ نیوز کے ذریعے ایم این اے گوادر، ایم پی اے گوادر، ڈپٹی کمشنر گوادر، چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر اور کیسکو حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ گرلز اسکول وارڈ کے لیے فوری طور پر نیا ٹرانسفارمر فراہم کیا جائے تاکہ شہریوں کو اس طویل اذیت سے نجات مل سکے۔
مکینوں نے خبردار کیا کہ اگر مسئلے کا فوری اور مستقل حل نہ نکالا گیا تو وہ اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے پرامن احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔
ڈسٹرکٹ نیوز — عوام کی آواز، حقائق کے ساتھ
ڈسٹرکٹ نیوز
لوکل سے گلوبل تک
