ورلڈ کپ 2026 کے اختتام کے بعد فیفا نے ٹورنامنٹ کی بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں پر مشتمل ’ٹیم آف دی ٹورنامنٹ‘ کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
فیفا کی جانب سے منتخب کی گئی 4-3-3 فارمیشن پر مشتمل اس بہترین الیون میں مجموعی طور پر سات ممالک کے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا، جنہوں نے امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقدہ عالمی ایونٹ کے دوران نمایاں کھیل پیش کیا۔
نئی عالمی چیمپئن اسپین کے سب سے زیادہ تین کھلاڑی اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ اسپین کی جانب سے دفاعی کھلاڑی مارک کوکوریلا اور پیڈرو پورو جبکہ مڈفیلڈر روڈری کو شاندار کارکردگی کے اعتراف میں منتخب کیا گیا۔
فائنل میں پہنچنے والی ارجنٹائن کی نمائندگی کپتان لیونل میسی اور دفاعی کھلاڑی لیسانڈرو مارٹینیز نے کی، جنہیں بھی بہترین الیون کا حصہ بنایا گیا۔
فرانس سے کائلیان ایمباپے، مائیکل اولیسے اور ڈیوٹ اپامیکانو کو ٹیم میں شامل کیا گیا، جبکہ انگلینڈ کے جوڈ بیلنگھم نے مڈفیلڈ میں اپنی جگہ بنائی۔
اسٹرائیکر کے طور پر ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ کو منتخب کیا گیا، جبکہ کیپ وردے کے گول کیپر ووزینہا کو پورے ٹورنامنٹ میں عمدہ گول کیپنگ کے باعث بہترین الیون میں شامل کیا گیا۔
فیفا کے مطابق یہ ٹیم کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی، اثر انگیز کھیل اور ٹورنامنٹ میں ان کے نمایاں کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دی گئی ہے