ریاض: سعودی اتحادی افواج نے یمن کے الحدیدہ گورنریٹ میں کیے گئے فضائی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارروائی کے دوران حوثی گروپ سے وابستہ فوجی تنصیبات اور دیگر عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
اتحادی افواج کے جاری کردہ بیان کے مطابق حملوں میں الحدیدہ بندرگاہ کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا گیا، جبکہ تمام بندرگاہیں معمول کے مطابق بحری جہازوں کی آمدورفت کے لیے کھلی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ جن اہداف کو نشانہ بنایا گیا ان کا تعلق بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کو لاحق خطرات سے تھا۔ سعودی اتحاد نے خبردار کیا کہ اگر حوثیوں کی جانب سے حملے یا دیگر جارحانہ سرگرمیاں جاری رہیں تو ان کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔
اس سے قبل حوثیوں سے وابستہ ٹی وی چینل المسیرہ نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی جنگی طیاروں نے الحدیدہ اور جزیرہ کمران میں فضائی حملے کیے ہیں۔ دوسری جانب یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا کہ الحدیدہ میں ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کی بعض تنصیبات بھی حملوں کی زد میں آئیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک روز قبل حوثی تحریک انصاراللہ نے دو سعودی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ تنظیم کا کہنا تھا کہ متعلقہ جہاز اس کی جانب سے اعلان کردہ بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سفر کر رہے تھے