بیجنگ: پاکستان اور قازقستان نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ یرمیک کوشیربایف سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور علاقائی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف کے حالیہ دورۂ پاکستان کے بعد ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس دورے کے دوران طے پانے والے فیصلوں، خصوصاً 37 مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر مؤثر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔
فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، علاقائی روابط، توانائی، عوامی سطح پر روابط اور کثیرالجہتی فورمز میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
قازق وزیر خارجہ یرمیک کوشیربایف نے خطے میں امن، استحکام اور سفارتی کوششوں کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔
گفتگو کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قازق وزیر خارجہ نے اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو قازقستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔
پاکستان اور قازقستان کے درمیان حالیہ برسوں میں سفارتی اور اقتصادی روابط میں نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے، جبکہ صدر قاسم جومارت توقایف کے دورۂ پاکستان کے بعد دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں طویل المدتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔