*وندر۔ (رپورٹ محمد رفیق)کربلا اسپورٹس گراؤنڈ میں شاندار فائنل میچ کی اختتامی تقریب کا انعقاد بلیک ہاکس اے نے شاہین اسپورٹس کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی ۔ وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی وندر و جام گروپ کے سینئر رہنما عبدالحمید رونجہ کی بطور مہمان خصوصی شرکت۔ جام گروپ کے سینئر رہنماؤں سردار کامران گونگہ ، وڈیرہ ضیاء اللہ بلوچ ، سماجی شخصیت و انجنئیر امیر بخش دودا ، سینئر صحافیوں سلطان انگاریہ ، مہراللّٰہ الفت ، زبیر بلوچ ، رفیق بلوچ ، پون شیوانی اور تنویر حفیظ ایوبی ہمراہ تھے ۔ فائنل میچ کربلا اسپورٹس گراؤنڈ وندر میں بلیک ہاکس اے اور شاہین اسپورٹس کے مابین کھیلا گیا۔ ٹاس جیت کر شاہین اسپورٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6.1 اوورز میں 53 رنز بنائے ۔ ہدف کے تعاقب میں بلیک ہاکس اے نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 2.4 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کرکے فائنل ٹرافی اپنے نام کرلی ۔ بلیک ہاکس اے کے کھلاڑی ہمایوں خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 8 گیندوں پر 19 رنز اسکور کیے جن میں 3 دھواں دھار چھکے شامل تھے ۔ مہمان خصوصی عبدالحمید رونجہ کی اسپورٹس گراؤنڈ آمد پر اسپورٹس کمیٹی کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ آنے والے تمام معزز مہمانوں کو روایتی اجرکیں پہنائی گئیں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف اور گروپ فوٹو بھی بنوایا گیا ۔ فائنل کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی عبدالحمید رونجہ نے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا مستقبل اور قوم کا اصل سرمایہ ہوتے ہیں وندر کے نوجوانوں میں کھیلوں کے حوالے سے جوش جذبہ اور صلاحیت دیکھ کر مجھے دلی خوشی ہوئی ہے۔ کھیل صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ نوجوانوں کی شخصیت مثبت سوچ کو پروان چڑھانے کا بہترین ذریعہ ہیں ۔ کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے تو نوجوان منفی سرگرمیوں سے دور رہیں گے ۔ آج کربلا اسپورٹس گراؤنڈ میں نوجوانوں کا یہ جوش اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے نوجوان صلاحیتوں سے مالا مال ہیں انہیں صرف مواقع اور مناسب پلیٹ فارم فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ میں اس شاندار ایونٹ کے انعقاد پر اسپورٹس کمیٹی کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ آئندہ بھی ایسے کھیلوں کے مقابلوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا ۔ تاکہ وندر کے باصلاحیت نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع میسر آسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا ۔ صحت مند معاشرے کی تشکیل میں کھیلوں کا کردار نہایت اہم ہے ۔ اختتامی تقریب کے آخر میں فاتح ٹیم بلیک ہاکس اے کو فائنل ٹرافی پیش کی گئی کمینٹیٹری کے فرائض محمد اختر خاصخیلی اور محمد بخش انگاریہ نے انجام دیئے۔*
