کراچی: ٹورنٹو سے کراچی پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز میں مبینہ طور پر موبائل فونز اور اسمارٹ واچز لانے کے معاملے میں فضائی میزبان سمیرا آفتاب کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے سمیرا آفتاب کو واقعے سے متعلق شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر فضائی میزبان کے سامان سے مبینہ طور پر لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فونز اور اسمارٹ واچز برآمد ہوئی تھیں، جس کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض اسمارٹ واچز مبینہ طور پر پی آئی اے کی جانب سے فراہم کی جانے والی کیپ کے اندر چھپائی گئی تھیں۔
پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق واقعے سے قومی ایئرلائن کی ساکھ پر منفی اثر پڑا، اسی تناظر میں فضائی میزبان سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر سمیرا آفتاب کی جانب سے شوکاز نوٹس کا دیا جانے والا جواب تسلی بخش نہ ہوا تو ان کے خلاف مزید محکمانہ کارروائی کی جاسکتی ہے، جس میں ملازمت سے برطرفی بھی شامل ہے۔
