لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے فضائیہ کے شاہینوں اور جانبازوں کو سلام پیش کیا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز شریف نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ یومِ فضائیہ قومی یکجہتی، غیر متزلزل عزم اور وطن سے محبت کے جذبے کی علامت ہے۔ پاکستان کی فضائی حدود کے تحفظ میں پاک فضائیہ کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔
مریم نواز شریف نے پاک فضائیہ کے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ راشد منہاس شہید سمیت پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اپنی جرأت، شجاعت اور بہادری سے تاریخ رقم کی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس مئی میں پاک فضائیہ نے دشمن کے 8 جدید جنگی طیارے مار گرائے اور سبز ہلالی پرچم کو سربلند رکھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قوم اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں اور پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔
