پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے ملک بھر میں مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔
اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے ایندھن کی قیمتوں میں بار بار اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کسی صورت قابل قبول نہیں، کیونکہ اس سے ٹرانسپورٹ کا پورا نظام متاثر ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی یقین دہانی پر ملک گیر ہڑتال کو 40 روز کے لیے مؤخر کیا گیا تھا، تاہم حکومت کی جانب سے مانگی گئی مہلت آئندہ ہفتے مکمل ہورہی ہے۔ اس کے بعد ٹرانسپورٹرز کے آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب پیٹرولیم لیوی کے نفاذ کے خلاف جماعت اسلامی نے بھی 20 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ حکومت کو عوام پر بوجھ ڈالنے والی پالیسیوں پر نظرثانی کرنا ہوگی۔
