سندھ میں خصوصی بچوں کے لیے 49 ڈیجیٹل کلاس رومز اور 20 سیٹلائٹ اسکولز کا افتتاح
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں خصوصی بچوں کے لیے 49 جدید ڈیجیٹل کلاس رومز، 20 سیٹلائٹ اسکولز اور سائن لینگویج ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کا افتتاح کردیا۔
محکمہ اسپیشل ایجوکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر بچے کو معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ جدید ٹیکنالوجی خصوصی بچوں کے تعلیمی تجربے کو مزید بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل کلاس رومز میں اسمارٹ بورڈز، ای لرننگ ٹولز اور دیگر جدید تعلیمی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جو خصوصی بچوں کو ڈیجیٹل دنیا میں اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے میں مدد دیں گی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صرف انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کی فراہمی کافی نہیں بلکہ ان سہولیات سے فائدہ اٹھانے والے اساتذہ اور دیگر افراد کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بھی اہم ہیں۔ اسی مقصد کے تحت سائن لینگویج ٹیچرز ٹریننگ پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سائن لینگویج ٹیچرز ٹریننگ پروگرام ڈیف ریچ اور ایف ای ایس ایف کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے، جس سے اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور خصوصی بچوں کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت خصوصی بچوں کی تعلیم، فلاح اور بحالی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ صوبے کے 67 خصوصی تعلیمی اداروں میں تقریباً 20 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں، جہاں انہیں مختلف بنیادی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ خصوصی بچوں کو مفت تعلیم کے ساتھ بحالی، فزیوتھراپی اور اسپیچ تھراپی کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ طلبہ کے لیے مفت ٹرانسپورٹ اور غذائیت سے بھرپور کھانے کا انتظام بھی موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کو ماہانہ 3 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جا رہا ہے۔
