پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنۃ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک
پنجگور: بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں پنجگور کے علاقے اپھان کوہ، پروم میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں فورسز کی فائرنگ سے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ اور بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، جن کا مقصد علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانا اور دہشت گردی کا خاتمہ ہے۔
