اسلام آباد مارچ پر محسن نقوی کا پی ٹی آئی کو انتباہ، سختی سے نمٹنے کا عندیہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان تحریک انصاف کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کی صورت میں حکومت سختی سے نمٹے گی، جبکہ احتجاج سے ملک کی معیشت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں احتجاج یا مارچ سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا، تاہم اس کے نتیجے میں ملکی معیشت متاثر ہوسکتی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم موجود ہے، اس لیے دارالحکومت میں قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور صورتحال سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے اندر جو سیاستدان صورتحال کو سمجھتے ہیں، وہ لانگ مارچ کے حق میں نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اسلام آباد میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کرے گی اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے احتجاج کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔
