عمران خان کی بہنیں نورین نیازی اور عظمیٰ خان بھی گرفتار، کوٹ لکھپت جیل منتقل
لاہور: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا، جبکہ علیمہ خان کے دونوں بیٹوں کو بھی حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے احتجاج کے پیش نظر جاری کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان سمیت ان کے بھانجوں کو حراست میں لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے علیمہ خان کی رہائش گاہ سے نورین نیازی، عظمیٰ خان اور دیگر اہلخانہ کو حراست میں لیا اور بعد ازاں انہیں بکتر بند گاڑی کے ذریعے نامعلوم مقام پر منتقل کیا۔
ذرائع کے مطابق علیمہ خان کے دونوں بیٹے شیرشاہ اور شاہ ریز کو بھی پولیس نے گرفتار کیا، تاہم بعد میں بچوں اور دیگر اہلخانہ کو رہا کردیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ دونوں بہنوں کے خلاف مبینہ طور پر مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت کارروائی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں کو امن و امان میں ممکنہ خلل کے خدشے کے پیش نظر 30 روز کے لیے حراست میں رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
اس سے قبل پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کو بھی لاہور کے اپر مال سے جم خانہ جاتے ہوئے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد انہیں کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا۔
پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے احتجاج سے قبل لاہور سمیت مختلف علاقوں میں سیاسی کارکنوں اور رہنماؤں کے خلاف پولیس کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
