شہباز شریف کی حافظ نعیم سے گفتگو، لانگ مارچ مؤخر کرنے کی درخواست
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک پہنچنے کے بعد امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے احتجاجی مارچ چند روز کے لیے مؤخر کرنے کی درخواست کی، تاہم حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاج جاری رکھنے کا مؤقف برقرار رکھا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے جماعت اسلامی کے امیر سے گفتگو میں حکومت کی جانب سے اعلان کردہ عوامی ریلیف پیکیج کا حوالہ دیا اور کہا کہ وطن واپسی پر وہ حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کرکے عوام کے لیے مزید بہتر ریلیف پیکیج پر بات کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے گفتگو کے دوران واضح کیا کہ موجودہ حکومتی ریلیف پیکیج جماعت اسلامی کے مطالبات کے مطابق نہیں، اس لیے پٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاجی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے بتایا کہ وزیراعظم کی درخواست پر لانگ مارچ میں چند روز کا وقفہ دینے سے متعلق جماعت کی قیادت سے مشاورت کی جائے گی، جس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل سامنے لایا جائے گا۔
جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے مطالبے پر کراچی سے اسلام آباد کی جانب احتجاجی مارچ شروع کر رکھا ہے۔ مارچ 20 ستمبر کو کراچی سے روانہ ہوا تھا اور اس کے اگلے مرحلے کے لیے ملتان پہنچنے کا شیڈول تھا۔
