بلوچستان کے ضلع شیرانی میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کی مبینہ کوشش ناکام بنادی اور خواتین و بچوں سمیت 103 افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی دانہ سر بائی پاس کے علاقے میں کی گئی، جہاں حراست میں لیے گئے افغان باشندے مبینہ طور پر انسانی اسمگلروں کے ذریعے پاکستان، ایران اور یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سرحدی علاقوں سے حراست میں لیے جانے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی تعداد 129 تک پہنچ گئی ہے۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سرحدی علاقوں میں غیر قانونی نقل و حرکت اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کا بتایا گیا ہے۔
