آزاد کشمیر میں گرفتار شخص کے پُرتشدد کارروائیوں سے متعلق اہم دعوے
مظفرآباد: آزاد کشمیر میں گرفتار کیے گئے ایک شخص جواد مظفر کی جانب سے پُرتشدد کارروائیوں اور ایک کالعدم تنظیم سے متعلق اہم دعوے سامنے آئے ہیں۔
حکام کے مطابق گرفتار شخص نے اپنے بیان میں گزشتہ سال مظفرآباد کے علاقے چمیاٹی میں پولیس پر حملے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ جواد مظفر کے مطابق اس موقع پر بعض افراد کے پاس ڈنڈے موجود تھے جبکہ کچھ کارکن مبینہ طور پر مسلح بھی تھے۔
گرفتار شخص نے دعویٰ کیا کہ ایک تنظیم کی قیادت کی جانب سے پیش کیے جانے والے بیانیے سے متاثر ہو کر وہ اور اس کے ساتھی پُرتشدد سرگرمیوں میں شامل ہوئے۔
جواد مظفر نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی ایسی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں جس میں تشدد شامل ہو اور قانون کو ہاتھ میں لینے سے گریز کریں۔
گرفتار شخص کے بیان میں کیے گئے دعووں کی آزادانہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔
