شمالی وزیرستان کے علاقے عیدک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور اسی سلسلے میں عیدک کے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پیش قدمی کی اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد 7 دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی میں مبینہ دہشت گردوں کے ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور علاقے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 7 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیاں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوان اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی عیدک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو سراہتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔
