یمن میں حوثی جنگجوؤں کے خلاف کارروائیوں کے دوران حکومت کی حمایت کرنے والی یمنی فورسز نے 1122 فوجی حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
یمنی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ماجد عبداللہ النزیلی کے مطابق مختلف محاذوں پر ہونے والی کارروائیوں میں صعدہ، الجوف، تعز اور ساحلی علاقے شامل تھے۔
ترجمان نے دعویٰ کیا کہ کارروائیوں میں جنگی طیاروں، ڈرونز، میزائلوں، راکٹوں، توپ خانے اور اسنائپرز کا استعمال کیا گیا جبکہ حوثیوں کے توپ خانے، راکٹ لانچرز، دفاعی تنصیبات، رسد کے راستوں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔
یمنی فوج کے مطابق ان کارروائیوں میں تقریباً 1747 حوثی جنگجو ہلاک یا غیر مؤثر ہوئے جبکہ 364 فوجی گاڑیوں اور دیگر سازوسامان کو تباہ یا ناکارہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔
تاہم ان اعداد و شمار کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔
یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت نے حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں کو واپس لینے کے لیے بڑے فوجی آپریشن کا اعلان کیا ہے۔ صدارتی قیادت کونسل کے سربراہ رشاد العلیمی کے مطابق مقصد ملک میں ریاستی اختیار اور اداروں کی عمل داری بحال کرنا ہے۔
