عالمی فوجداری عدالت نے افغان طالبان کے سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ اخونزادہ سمیت 4 اہم رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق دیگر رہنماؤں میں طالبان کے چیف جسٹس عبدالحکیم حقانی، حبیب اللہ آغا اور ندا محمد ندیم شامل ہیں۔ یہ وارنٹس 2025 کے دوران جاری کیے گئے تھے تاہم انہیں کچھ عرصے تک خفیہ رکھا گیا۔
عدالت کے مطابق طالبان قیادت پر خواتین اور لڑکیوں کے خلاف صنفی بنیادوں پر منظم جبر اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات ہیں۔
عدالتی دستاویزات میں خواتین اور لڑکیوں کو تعلیم، نقل و حرکت، اظہار رائے، سوچ، ضمیر اور مذہبی آزادی سمیت بنیادی حقوق سے محروم کیے جانے کا ذکر کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق مبینہ جرائم کا سلسلہ اگست 2021 سے جنوری 2025 تک جاری رہا۔ عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے طالبان کے مزید سینئر ارکان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی درخواستیں متوقع ہیں۔
