افغانستان میں طالبان کے خلاف عوامی اور مسلح مزاحمت میں اضافے کے دعوے سامنے آئے ہیں، جبکہ مختلف علاقوں میں مسلح گروپوں کی کارروائیوں کی اطلاعات ہیں۔
افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ قندھار کے ضلع خاکریز میں طالبان کے امر بالمعروف کے محتسب عبدالرحمان کو ایک ٹارگٹڈ کارروائی میں ہلاک کردیا گیا۔
فرنٹ کے مطابق مذکورہ اہلکار پر شہریوں کے خلاف مبینہ تشدد، غیرقانونی گرفتاریوں اور دیگر اقدامات میں ملوث ہونے کے الزامات تھے۔
دوسری جانب نیشنل موبلائزیشن فرنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ جلال آباد میں ننگرہار جیل کے انٹیلی جنس سربراہ کو بھی طالبان مخالف کارروائی کے دوران ہلاک کیا گیا۔
نیشنل موبلائزیشن فرنٹ کا کہنا ہے کہ افغان طالبان، داعش اور ٹی ٹی پی کے خلاف اس کی مسلح کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ان کارروائیوں اور ہلاکتوں کے حوالے سے فراہم کردہ دعووں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں کی گئی۔
