ایران اور امریکا کے درمیان جوہری مذاکرات جاری، قطر سفارتی کوششوں کی حمایت کرے گا
قطر نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور دونوں فریق سفارتی رابطوں کے ذریعے پیش رفت کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث تنازع مزید پھیلنے کے خدشات برقرار ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے دوحہ میں عالمی سلامتی فورم سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جوہری معاہدے (جے سی پی او اے) سے متعلق مذاکرات جاری ہیں اور دونوں جانب سے بات چیت آگے بڑھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ماجد الانصاری نے کہا کہ مذاکرات کے بارے میں کم خبریں سامنے آنا اس بات کی علامت ہوسکتا ہے کہ سفارتی عمل مناسب انداز میں آگے بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق حساس مذاکرات کی کامیابی کے لیے رازداری برقرار رکھنا ضروری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ قطر تنازع کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالنے اور خطے میں مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے سعودی عرب کی حمایت کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قطر اپنے برادر ملک کی خودمختاری کے دفاع میں اس کے ساتھ کھڑا ہے۔
قطر کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث علاقائی سلامتی اور توانائی کی فراہمی سے متعلق خدشات بڑھ رہے ہیں۔ دوحہ اس سے قبل بھی ایران اور امریکا کے درمیان اختلافات کم کرنے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے سفارتی کردار ادا کرتا رہا ہے۔
تاہم قطری حکام نے مذاکرات کے اگلے مرحلے یا کسی ممکنہ معاہدے کے لیے حتمی تاریخ نہیں دی۔
