تہران: ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے نتیجے میں دو آئل ٹینکرز تباہ ہوگئے ہیں۔
ایرانی پاسداران انقلاب کی بحری فورس کے مطابق دونوں جہازوں کو دھماکوں کے بعد مزید سفر کے قابل نہیں چھوڑا گیا۔
آئی آر جی سی نیوی کے بیان میں الزام عائد کیا گیا کہ دونوں ٹینکرز نے مبینہ طور پر غیر مجاز سمندری راستہ اختیار کیا اور اپنی شناخت و نیویگیشن کے نظام بند کر رکھے تھے۔
ایرانی حکام نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان جہازوں کو امریکی فوجی معاونت حاصل تھی، تاہم دونوں ٹینکرز کے نام، عملے کی تعداد اور ممکنہ جانی نقصان سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
پاسداران انقلاب کے مطابق اس سے قبل بھی اسی نوعیت کے ایک واقعے میں ایک سپر ٹینکر آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا تھا، جس کے بعد جہاز میں دھماکے اور آگ لگنے کی اطلاع سامنے آئی تھی۔
واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں شروع ہونے کے بعد خطے میں سمندری کشیدگی مسلسل برقرار ہے۔
