ایران کے جزیرہ قشم پر امریکی حملوں کی خبریں سامنے آنے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ منگل کی ابتدائی کاروباری سرگرمیوں کے دوران تیل کی قیمتیں اوپر چلی گئیں۔
پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 4 منٹ پر برینٹ کروڈ کے مستقبل کے سودوں کی قیمت میں 48 سینٹ یعنی 0.5 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد فی بیرل قیمت 105.25 ڈالر ہوگئی۔
اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کے نرخ بھی 47 سینٹ یا 0.5 فیصد بڑھ کر 96.93 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئے۔
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں یہ اضافہ پیر کے روز ہونے والی نمایاں کمی کے بعد سامنے آیا ہے۔ پیر کو برینٹ کروڈ کی قیمت 8.66 ڈالر یعنی 7.63 فیصد گرنے کے بعد 104.77 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی تھی۔
جزیرہ قشم پر امریکی حملوں کی اطلاعات نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور تیل کی ترسیل کے حوالے سے خدشات کو ایک مرتبہ پھر نمایاں کردیا ہے۔
آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ ہے، اس لیے اس خطے میں فوجی کشیدگی کی صورتحال عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔
