پاکستان میں بین الاقوامی اسکواش مقابلوں کے انعقاد کا سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے۔ اسلام آباد میں جاری ایشین ٹیم اسکواش چیمپین شپ کے بعد ملک کو مسلسل چار بین الاقوامی ٹورنامنٹس کی میزبانی مل گئی ہے، جن کی مجموعی انعامی رقم 4 لاکھ 39 ہزار ڈالرز ہے۔
ان مقابلوں میں دنیا کے نامور مرد اور خواتین کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ ان ٹورنامنٹس سے مقامی کھلاڑیوں کے جوش، لگن اور اعتماد میں اضافے کی توقع ہے، جبکہ عالمی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد سے دنیا بھر میں ملک کا مثبت تاثر بھی اجاگر ہوگا۔ اس سے اسکواش سمیت دیگر کھیلوں کی بحالی اور ترقی میں بھی مدد ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں شروع ہونے والی ایشین ٹیم چیمپین شپ میں ایشین اسکواش فیڈریشن کے رکن ممالک کے مرد اور خواتین کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن کے سالانہ کیلنڈر میں شامل چار مقابلوں کی میزبانی بھی پاکستان کرے گا۔ ان ٹورنامنٹس میں سے تین کراچی میں منعقد ہوں گے، جن کی مجموعی انعامی رقم 4 لاکھ 39 ہزار ڈالرز ہے۔
سلور کیٹگری کی چیف آف ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپین شپ 2026، اسلام آباد میں 24 سے 28 نومبر تک کھیلی جائے گی۔ 40 ہزار ڈالرز کی اس چیمپین شپ میں مینز ایونٹ کے مقابلے ہوں گے۔
پاکستان کے عالمی انڈر 23 چیمپین نور زمان، جنہوں نے نئی عالمی رینکنگ میں تین درجے بہتری کے بعد 25ویں پوزیشن حاصل کی ہے، ٹاپ سیڈ ہوں گے۔ پاکستان ہی کے عالمی کھلاڑی اشعب عرفان کو سیڈ 4 قرار دیا گیا ہے، جن کی رینکنگ میں بھی سات درجے بہتری آئی ہے۔
عالمی رینکنگ میں 68ویں نمبر پر موجود محمد عاصم خان کو سیڈ 7 رکھا گیا ہے، جبکہ ناصر اقبال بھی چیمپین شپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
کراچی میں ہونے والے تین بین الاقوامی مقابلوں کی مجموعی انعامی رقم 3 لاکھ 99 ہزار ڈالرز ہے۔ ان مقابلوں کا آغاز 18 ہزار ڈالرز کی چیف آف نیول اسٹاف چیمپین شپ سے ہوگا۔
یکم سے 5 دسمبر تک پی این روشن خان، جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں شیڈول اس چیمپین شپ میں ایک ہزار ڈالرز کا ویمن پی ایس اے ایونٹ بھی شامل ہے۔
اس کے بعد 6 سے 10 دسمبر تک سندھ اوپن انٹرنیشنل اسکواش چیمپین شپ کریک کلب میں منعقد ہوگی۔ اس ایونٹ میں پاکستان کی جانب سے صرف نور زمان حصہ لیں گے، جبکہ مصر کے عالمی نمبر 17 یوسف سلمان ٹاپ سیڈ ہوں گے۔
ویمن ایونٹ میں مصر کی عالمی نمبر 14 سلمہ ہانی کو پہلی سیڈ اور ان کی ہم وطن عالمی نمبر 19 ندا عباس کو دوسری سیڈ دی گئی ہے۔ ایک لاکھ 30 ہزار ڈالرز کی اس چیمپین شپ میں مردوں اور خواتین کے مقابلوں کے لیے یکساں انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔
برانز کیٹگری کی چیمپین شپ کے بعد 5 سے 10 جنوری 2027 تک گولڈ کیٹگری کی کراچی اوپن چیمپین شپ منعقد ہوگی، جس کی مجموعی انعامی رقم ڈھائی لاکھ ڈالرز رکھی گئی ہے۔
اس ٹورنامنٹ کے مینز ایونٹ کے لیے ایک لاکھ 25 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم مختص ہے، جبکہ اتنی ہی رقم ویمن ایونٹ میں شریک 32 کھلاڑیوں میں تقسیم کی جائے گی۔
