اسلام آباد: نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مرکزی انٹری پوائنٹ پر مشکوک گاڑی کے نہ رکنے پر سیکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 2 افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ کے مرکزی انٹری گیٹ پر ایک تیز رفتار گاڑی کو آتے دیکھ کر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے اہلکار نے اسے رکنے کا اشارہ کیا، تاہم گاڑی میں سوار افراد نے رکنے کے بجائے گاڑی آگے بڑھانے کی کوشش کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی یقینی بنانے اور گاڑی کو روکنے کے لیے اہلکاروں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود دونوں افراد زخمی ہوگئے۔
زخمی افراد کی شناخت رحمت اللہ اور عبدالجبار کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے پمز منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے ایک شخص کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے، جبکہ دوسرا بلوچستان کے ضلع کوہلو کے تھانے میں مطلوب اشتہاری بتایا جا رہا ہے۔
فائرنگ سے دونوں افراد زخمی ہوئے جبکہ گاڑی کی فرنٹ اسکرین بھی ٹوٹ گئی۔ واقعے کے بعد متعلقہ سیکیورٹی حکام نے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔
